کرونا کی موجودہ صورتحال کے باعث پہلی ڈیجیٹل پاکستان کانفرنس ملتوی

کرونا کی موجودہ صورتحال کے باعث پہلی ڈیجیٹل پاکستان کانفرنس ملتوی

کانفرنس میں مقامی اور بین الاقوامی شرکاءنے شرکت کرنی تھی، منتظم معروف ایوب
سب کی حفاظت کے لیے فیصلہ کیا، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، سی ای او ایمفکو ٹیکنالوجیز

کراچی ( پ ر) پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی حب بنانے اور آئی ٹی انڈسٹری میں نئی ملازمتیں پیداکرنے کے حکومتی وژن کے سلسلے میں 15 اپریل کو منعقد ہونے والی پہلی ڈیجیٹل پاکستان کانفرنس کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے باعث ملتوی کر دی گئی ہے۔ یہ کانفرنس کراچی میں منعقد ہونی تھی۔ کانفرنس میں آئی ٹی کمپنیاں، اکیڈیمیا اور ماہرین شرکت کررہے تھے۔ کانفرنس کے منتظم سی ای او ایمفکو ٹیکنالوجیز معروف ایوب کے مطابق ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ پاکستان کے بیشتر علاقوں اور دنیا کے کافی ممالک میں لاک ڈاؤن اور حکومت سندھ و وفاق کی اس حوالے سے جاری ہدایات کی روشنی میں مجبورا کیا گیاکیونکہ کانفرنس میں پاکستان کے دیگر شہروں کے علاوہ بیرون ممالک سے بھی ماہرین اور مقررین شریک ہورہے تھے۔ اس حوالے سے پہلی ڈیجیٹل کانفرنس کے مشاورتی بورڈ کے ایک ہنگامی ویڈیواجلاس میں کانفرنس کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

معروف ایوب نے بتایا کہ وہ کرونا کے بعد قومی اور عالمی سطح پر دن بہ دن بدلتی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے تھے اور کوشش کر رہے تھے کہ اسے ملتوی نا کرنا پڑے تاہم کانفرنس کے شرکائ، منتظمین، پارٹنرز، سپورٹرز اور اسپانسرز کے ساتھ مفادعامہ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ صورتحال کے بہترہوتے ہی کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ پہلی ڈیجیٹل کانفرنس کا مقصد نوجوانوں کو نا صرف روزگار بلکہ معیشت کو آگے بڑھانے میں بھی مددکرنا تھا۔معروف ایوب نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کی ترقی سے لاکھوں ملازمتیں پیدا ہوں گی اور اس سے پاکستان ایکسپورٹ سیکٹر میں قابل فخر کردار ادا کر سکتا ہے۔

یہ کانفرنس ایمفکو ٹیکنالوجیز کے تحت منعقد ہورہی تھی۔ آئی بی اے ، سی آئی سی ٹی کانفرنس کا اکیڈیمیا پارٹنراور آئی ساکا کراچی چیپٹر سپورٹنگ باڈی تھا۔ کانفرنس کے دیگر سپورٹرز میں اسمارٹ اسٹریم، انفراسول، این ڈی سی، ٹیمینوز، ڈیل،وائپر ٹیکنالوجی، ڈیل سنز ایسوسی ایٹس اور دیگر سرکاری و نجی ادارے شامل تھے۔